جہلم: ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ضلعی سطح پر پرچم کشائی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ کمپری ہینسو اسکول اور ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی، جس کے بعد پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ گورنمنٹ کمپری ہینسو اسکول میں یومِ پاکستان کے حوالے سے ایک سیمینار بھی منعقد ہوا، جس میں آزادی کی جدوجہد، قومی یکجہتی اور ملکی ترقی پر روشنی ڈالی گئی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ "23 مارچ تجدیدِ عہد وفا کا دن ہے۔ اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ ریاست کے قیام کا عہد کیا، جو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کی صورت میں حقیقت بنا۔ ہمیں آج کے دن اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ ہم پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کریں گے۔ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد، محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔
اسی طرح تحصیل سطح پر بھی یومِ پاکستان کی تقریبات منعقد ہوئیں، جہاں تحصیل کمپلیکس میں اسسٹنٹ کمشنرز نے پرچم کشائی کی۔ تقریبات میں سرکاری افسران، طلبہ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔
تحصیل پنڈ دادن خان میں بھی یومِ پاکستان کے موقع پر ٹی ایم اے میں ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین تھیں، جنہوں نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر پنجاب پولیس کے خصوصی دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ سول سوسائٹی، شہریوں اور ریسکیو ٹیموں نے تقریب میں بھرپور شرکت کی۔
ضلع بھر میں یومِ پاکستان کی تقریبات میں جوش و خروش دیکھنے میں آیا، جہاں ملی نغمے، تقاریر اور مختلف پروگراموں کے ذریعے آزادی کی جدوجہد اور قومی یکجہتی کو اجاگر کیا گیا۔ شہریوں نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے دعا کی۔


