دینہ کے علاقے کالووال میں نامعلوم چور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بجلی کے ٹرانسفارمر سے قیمتی تاریں نکال کر فرار ہوگئے، جس کے باعث علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ بجلی کی فراہمی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقے کالووال میں نامعلوم ملزمان نے رات کے وقت مبینہ طور پر بجلی کے ٹرانسفارمر کو نشانہ بنایا اور اس میں موجود قیمتی تاریں نکال کر موقع سے فرار ہوگئے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ واردات کے دوران اہل علاقہ کو اس کارروائی کی بروقت اطلاع نہ ہوسکی، جس کے باعث چوری کی اس واردات پر شہریوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے ٹرانسفارمر عوام کو بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے نصب کیے جاتے ہیں، تاہم ان سے قیمتی تاروں کی چوری سے نہ صرف قومی املاک کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ بجلی کی فراہمی کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے اور صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ آئیسکو حکام اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹرانسفارمر سے تاریں چوری کرنے والے عناصر کا سراغ لگایا جائے اور ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
علاقہ مکینوں نے مزید مطالبہ کیا کہ بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب یا ضروری مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔


