جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا ہیلتھ فلٹر کلینک بلال ٹاؤن کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے صبح سویرے بلال ٹاؤن میں واقع ہیلتھ فلٹر کلینک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے علاج کی غرض سے آئے ہوئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے دستیاب سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
شہریوں نے کلینک میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کلینک کے عملے سے بھی ملاقات کی اور ان سے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام شہریوں، خصوصاً بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے اور علاج معالجے کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
میثم عباس نے ہیلتھ فلٹر کلینک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، ریکارڈ کا معائنہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کلینک میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عوام کی سہولت کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔


