جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلع کچہری کا تفصیلی دورہ کیا اور سائلین، وکلاء اور شہریوں کو درپیش پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کچہری میں عوامی سہولیات بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ضلع کچہری اور اس کے اطراف مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور سائلین و وکلاء کو درپیش پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے منظم پارکنگ زونز قائم کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کچہری کے اطراف ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور راستوں میں قائم تمام تجاوزات بلا تاخیر ہٹا کر آمدورفت کو سہل بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ضلع کچہری میں پینے کے صاف پانی اور مناسب بیٹھنے کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ دفتری امور کے لیے آنے والے سائلین کو کسی قسم کی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بہتر اور باوقار سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔


