جہلم: ضلع جہلم میں تجاوزات کا جن بے قابو ہو چکا ہے، جہاں ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشہ مالکان نے سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ قائم کر کے شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ ٹریفک پولیس اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
جہلم شہر کی مرکزی اور گنجان آباد سڑکیں لوڈر رکشوں اور ریڑھیوں سے اٹی پڑی ہیں، جس کی وجہ سے چھوٹی گاڑیاں، موٹرسائیکل سوار اور پیدل چلنے والے افراد شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ جب بھی ڈپٹی کمشنر یا اسسٹنٹ کمشنر کا دورہ ہوتا ہے تو ریڑھی بان عارضی طور پر تجاوزات ہٹا کر گلیوں میں چلے جاتے ہیں، لیکن افسران کے روانہ ہوتے ہی دوبارہ سڑکوں پر قبضہ جما لیتے ہیں۔
میونسپل کمیٹی کا انسداد تجاوزات عملہ ریڑھی مافیا اور لوڈر رکشہ مالکان کے سامنے بے بس دکھائی دیتا ہے، یا پھر مبینہ سرپرستی کے باعث سڑکوں پر لائنوں میں کھڑے رکشے اور ریڑھیاں شہری زندگی کو مفلوج بنا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ صرف ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی گزرنے کا راستہ باقی نہیں بچا۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور میونسپل کمیٹی سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشن کر کے سڑکوں کو اصل حالت میں بحال کیا جائے۔


