جہلم شہر کے منچلوں نے جشن آزادی پر ون ویلنگ کیلئے تیاریاں کرلیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی کے باعث کالا پھاٹک تا پیر شہاب جی ٹی روڈ پر ون ویلنگ کے کرتب کئے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح کے منچلے نوجوانوں نے موٹر سائیکل پر خطرناک انداز میں ون ویلنگ کے کرتب دکھانے شروع کررکھے ہیں منچلوں نے دوستوں کے ساتھ مل کر جی ٹی روڈ کالا گجراں سے پیر شہاب تک پریکٹس شروع کررکھی ہے جبکہ پولیس اہلکار دیکھتے ہوئے بھی بگڑے رئیس زادوں کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہیں۔
جی ٹی روڈ جہلم پر نوجوان منچلے سائلنسر نکال کر بلا نمبری موٹر سائیکلوں پر خطر ناک انداز میں ون ویلنگ کا کھیل کھیلتے دکھائی دیتے ہیں، سکول و کالجز کے طالب علموں کی بڑی تعداد ون ویلنگ کرتے دکھائی دیتی ہے۔
منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں پر پاکستانی پرچم لگائے کرتب کرتے ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر قبضہ کئے ہوئے ہیں، ایک دوسرے سے شرطیں لگا کر ون ویلنگ کا کھیل کھیلتے ہیں، مقامی پولیس موٹر وے پولیس اور پٹرولنگ پولیس ون ویلنگ کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈی پی اوجہلم ، ایس پی موٹر وے پولیس ، ڈی ایس پی پٹرولنگ پولیس سے ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیاہے۔


