جہلم: پولیس نے گھریلو تشدد کے ایک واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی بیوی اور بہو پر مبینہ تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر اور ان کی ٹیم نے متاثرہ خاتون کی شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جا رہی ہے اور شواہد کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ خواتین پر تشدد، ہراسگی اور ان کے خلاف کسی بھی نوعیت کے جرائم ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے جان و مال، عزت اور وقار کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔


