پنڈدادنخان: تھانہ پنڈدادنخان پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہرن پور سکول کی خاتون ٹیچر سے نقدی، موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ چھیننے کے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ پنڈدادنخان پولیس کو خاتون ٹیچر کی جانب سے درخواست موصول ہوئی کہ وہ یو بی ایل بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں رقم نکلوانے کے لیے موجود تھیں کہ اس دوران ملزم نے انہیں ہراساں کیا اور ان سے 20 ہزار روپے نقدی، 50 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ چھین کر موقع سے فرار ہو گیا۔
درخواست میں خاتون نے ملزم پر ہراساں کرنے، حبسِ بے جا میں رکھنے اور تعاقب کرنے کے الزامات بھی عائد کیے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے فوری کارروائی کی، ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے خاتون کا موبائل فون، 20 ہزار روپے نقدی اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد کر لیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ خواتین کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔


