دینہ: ملک افتخار حسین نے کہا کہ حکومت پرائیویٹ سکولوں میں چھٹیاں دے کر بچوں کے مستقبل کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ جن اضلاع میں کوئی دھند نہیں ہے، وہاں پر چھٹیاں کیوں دی جا رہی ہیں، بچوں کو سکول آنے سے روکا گیا تو بھر پور مخالفت کریں گے۔
سر پرست اعلیٰ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن ملک افتخار حسین نے حکومت کی طرف سے چھٹیوں کے فیصلے کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم فوری نوٹس لے کر بچوں کا مستقبل تباہ ہونے سے بچائیں اور چھٹیوں کو ختم کرنے کاا علان کریں۔
انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں کوئی دھند نہیں ہے وہاں پر سکول کیوں بند کیے جا رہے ہیں۔ دینہ، جہلم سمیت راولپنڈی ڈویژن میں کسی جگہ پر دھند نہیں ہے اور سارا راولپنڈی ڈویژن بند کر دیا گیا ہے ، جس سے ہمارے بچے پڑھے بغیر رہیں گے۔ ان دنوں میں میٹرک کا داخلہ جا رہا ہے سکول بند ہو گئے تو بچوں کا داخلہ کیسے بھیجیں گے۔
ملک افتخار حسین نےکہا کہ ہم حکومت کے اس اقدام کو کسی صورت نہیں مانیں گے جس سے بچوں کا مستقبل تباہ ہو، میری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل ہے کہ اس پر فوری نوٹس لے کر بچوں کی زندگیوں کو تباہ ہونے سے بچائیں ۔


