جہلم شہر کے بازاروں میں قہوہ، چائے خانے اور خشک میوہ جات کی دکانیں و ٹھیلےسج گئے، مچھلی کی ڈیمانڈ بھی بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی خوانچہ فروشوں نے درجنوں مقامات پر قہوہ اور چائے خانے بنالئے ہیں جہاں پر مختلف اقسام کاقہوہ، سبز چائے، سوپ، دیسی اور فارمی ابلے ہوئے انڈے گاہکوں کو فروخت کیے جارہے ہیں۔
جہلم شہر کی سڑکوں گلی محلوں میں خشک میوہ جات فروخت کرنے والے پٹھان خشک میوہ فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ شہر کے بازاروں کے اطراف میں عارضی سٹال سج گئے ہیں جہاں مونگ پھلی، چلغوزہ، خوبانی، بادام، کھو پرا، ریوڑیاں، انجیر، چنے املوک اورکھجوروں کی فروخت ہو رہی ہے۔
علاوہ ازیں جہلم شہر اور گردونواح میں مچھلی کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ اولڈ جی ٹی روڈ اور میجراکرم شہید روڈ پر مچھلی فروخت کرنے والوں نے ٹھیے لگارکھے ہیں جہاں پر باسی فارمی مچھلی کودریائے جہلم کی مچھلی ظاہر کرکے فروخت کیاجارہا ہے۔
یاد رہے کہ جہلم شہر اوراس سے ملحقہ علاقوں میں سردی شروع ہوتے ہی خشک میوہ جات کی ڈیمانڈ بڑھ جاتی ہے جبکہ گرمیوں کے موسم میں قلفہ، قلفیاں، آلو بخارے اور املی کاشربت بیچنے والے اپنی بادشاہت قائم کرلیتے ہیں ۔


