سوہاوہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے جاری بیوٹیفیکیشن اسکیم کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کا دورہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے جاری کاموں کے مختلف مراحل اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ڈسمینٹلنگ اور لیولنگ کے جاری کاموں کا معائنہ کیا اور منصوبے کی رفتار، معیار اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سرگرمیاں مقررہ معیار اور طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جائیں تاکہ منصوبے کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ سکیں۔
اس موقع پر منصوبے کے مرکزی گیٹ پر گٹکا (ٹائل) لگانے کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا گیا جبکہ نجی دکانوں کے فساڈ (Facade) کی بہتری کے منصوبے کے تحت باقی ماندہ 9 دکانوں پر جاری تعمیراتی و تزئینی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے ہدایت کی کہ بیوٹیفیکیشن منصوبے کے تمام مراحل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کام کی نگرانی مؤثر انداز میں جاری رکھی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں اور تاجروں کی آمدورفت میں کم سے کم رکاوٹ پیدا ہونے دی جائے اور عوامی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مقامات کی خوبصورتی، شہری سہولیات کی بہتری اور جدید شہری ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ جاری بیوٹیفیکیشن منصوبہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
غزالہ اصغر نے مزید کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


