جہلم: پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس، میرج ہالز، میرج گارڈنز اور مارکیز میں ٹیکس ادائیگی کے نظام میں مبینہ ہیر پھیر اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے کچی رسیدیں جاری کرنے پر سختی سے پابندی عائد کر دی ہے۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس، میرج ہالز، میرج گارڈنز اور مارکیز کے لیے پی آئی ایم ایس (PIMS) کے ذریعے رسید جاری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پی آئی ایم ایس کے تحت رسید جاری نہ کرنے والے کاروباری افراد کے خلاف 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
حکام کے مطابق قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کاروبار کو ایک سال تک بند کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے کارِ سرکار میں مداخلت، سیلز ریکارڈ میں خرد برد کرنے یا ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں صارفین کو کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل یا اس نوعیت کی دیگر رسیدیں جاری کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ کاروباری مراکز کے لیے لازم ہوگا کہ وہ صارفین کو ایسی باقاعدہ رسید فراہم کریں جس پر کاروبار کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کیو آر کوڈ درج ہو۔
پی آر اے حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لانا، سیلز ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانا اور ٹیکس چوری کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔
حکام نے کاروباری مراکز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے نظام پر عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں مقررہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


