دینہ کے علاقہ کالووال میں مخالفین کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں تھانہ منگلا کینٹ کی حدود میں مخالفین کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش کالووال کے قریب کھیتوں کے نزدیک سے برآمد ہوئی۔ مقتول کی شناخت کاشف گجر سکنہ چھمالہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایک راہگیر نے پولیس ایمرجنسی پر کال کرکے اطلاع دی کہ کالووال کے قریب کھیتوں کے پاس ایک شخص کی لاش پڑی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق مقتول کاشف گجر کی مبینہ طور پر دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی، جس کے تناظر میں واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قتل کے محرکات اور واقعے میں ملوث افراد کا تعین کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔


