جہلم سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ پیشگوئی کے مطابق جہلم، راولپنڈی، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، اٹک، چکوال، خوشاب، بھکر، سرگودھا اور گردونواح کے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
اسی طرح لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد اور شیخوپورہ میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ملک کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
متعلقہ اداروں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ضروری حفاظتی انتظامات مکمل رکھے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔


