پڑی درویزہ: یونین کونسل پھلڑے سیداں کی آبادی میں اضافے کے پیشِ نظر دوسری بڑی مرکزی آبادی پڑی درویزہ میں یونین کونسل نمبر 6 کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد معاملہ عدالت پہنچ گیا ہے۔
آبادی دئیوال کے بعض رہائشیوں کی جانب سے مذکورہ سرکاری نوٹیفکیشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں رٹ پٹیشن دائر کر دی گئی، جس کے بعد پڑی درویزہ کے رہائشی بھی اپنی یونین کونسل کے قیام کے حوالے سے عدالتی کارروائی میں فریق بن گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حکومت پنجاب کے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے صوبے میں آبادی کے تناسب سے یونین کونسلوں کی نئی حدبندی اور تشکیلِ نو کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ اسی سلسلے میں نواحی یونین کونسل پھلڑے سیداں کی آبادی 25 ہزار سے تجاوز کرنے کے پیشِ نظر نئی یونین کونسل کے قیام کا معاملہ زیرِ غور آیا۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم، محکمہ لوکل گورنمنٹ اور ڈی لمیٹیشن کمیٹی کے متعلقہ حکام کی مشاورت کے بعد یونین کونسل پھلڑے سیداں کی حدود میں واقع دوسری بڑی تاریخی اور تجارتی مرکزی آبادی پڑی درویزہ میں یونین کونسل نمبر 6 قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بعد ازاں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی جانب سے 5 اکتوبر 2026ء کو صوبے بھر میں متعدد نئی یونین کونسلوں کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں یونین کونسل نمبر 6 پڑی درویزہ کا نام بھی شامل تھا۔
مذکورہ نوٹیفکیشن کے خلاف آبادی دئیوال کے بعض رہائشیوں نے 26 اکتوبر 2026ء کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں رٹ پٹیشن دائر کی، جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق نامزد کیا گیا۔ درخواست کی پہلی سماعت 12 نومبر 2026ء کو مقرر تھی۔
دوسری جانب پڑی درویزہ کے رہائشیوں نے یونین کونسل کے قیام کے حوالے سے اپنا مؤقف عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ صابر حسین جنجوعہ کی وساطت سے مقدمے میں فریق کی حیثیت سے شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس سلسلے میں مقامی نوجوان قانون دان ایڈووکیٹ خلیق انجم اعوان بھی اہلِ پڑی درویزہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم اور دیگر نامزد فریقین کی جانب سے بھی قانونی نمائندگان عدالتی کارروائی میں پیش ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یونین کونسل نمبر 6 پڑی درویزہ کے قیام سے متعلق سرکاری نوٹیفکیشن اور اس کے خلاف دائر رٹ پٹیشن کا معاملہ اب عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ اس حوالے سے حتمی قانونی صورتِ حال کا تعین عدالت کے فیصلے سے ہی ہوگا۔


