جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی اسمبلی نشستیں ختم کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیری ہمارے دست و بازو، دل اور جگر کا حصہ ہیں، جنہیں پاکستان سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
وہ نواب ہاؤس جہلم میں آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بڑے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین ہمیشہ نظریۂ پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ آئندہ آزاد کشمیر انتخابات میں بھی مہاجرین اپنے ووٹ کے ذریعے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں حقیقی ترقی ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ایک مرتبہ پھر تعمیر، ترقی اور امن کے نئے دور کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے پارٹی قائد محمد نواز شریف کی ہدایت پر جہلم آمد پر خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنماؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اجلاس سے وزیر مملکت عبدالرحمن کانجو، رکن قومی اسمبلی و صدر مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی ملک ابرار، مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے صدر حافظ اعجاز جنجوعہ اور طالب مہدی نے بھی خطاب کیا۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی ہدایت پر آزاد کشمیر کے انتخابی حلقوں ایل اے 39 اور ایل اے 42 میں جاری انتخابی مہم، تنظیمی امور اور پولنگ ڈے کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
بلال اظہر کیانی نے اجلاس کو ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں انتخابی تیاریوں، کارکنوں کو تفویض کی گئی ذمہ داریوں اور جاری انتخابی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں محترمہ طاہرہ اورنگزیب، سینیٹر انوشہ رحمان، آزاد کشمیر اسمبلی کے نامزد امیدوار راجہ محمد صدیق اور شوکت علی شاہ، سابق ایم این اے راجہ مطلوب مہدی، چوہدری عابد رضا، سید توصیف شاہ، مہر فیاض، چوہدری سعید، چوہدری ناصر، چوہدری بوٹا جاوید، چوہدری راشد سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں دونوں انتخابی حلقوں میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی، ذمہ داریوں کی تقسیم اور پولنگ ڈے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔


