پڑی درویزہ: تحصیل صدر مقام سوہاوہ شہر میں جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے جگہ ختم ہونے اور طلباء و طالبات کو مصروف شاہراہ عبور کرنے میں درپیش مشکلات کے پیشِ نظر عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ جہلم سے فضائی پل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ شہر کی اندرونی حدود میں گردونواح سے روزانہ بڑی تعداد میں شہری خریداری اور دیگر ضروری کاموں کے سلسلے میں اپنی گاڑیوں پر آتے ہیں۔ ان گاڑیوں کو جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف کھڑا کیے جانے کے باعث سڑک کے کناروں پر دیگر گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے جگہ باقی نہیں رہتی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس مسئلے کی جانب توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف دو بڑے تعلیمی ادارے، گورنمنٹ ہائی سکول سوہاوہ اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سوہاوہ، واقع ہیں۔ ان اداروں میں زیرِ تعلیم طلباء و طالبات کو روزانہ صبح سکول آتے وقت اور دوپہر کو چھٹی کے بعد گھر واپس جاتے ہوئے مصروف جی ٹی روڈ عبور کرنا پڑتا ہے، جس کے دوران ٹریفک حادثات کا خدشہ رہتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ طلباء و طالبات کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے اس مقام پر مناسب انتظامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فضائی پل کی تعمیر سے نہ صرف بچوں اور بچیوں کو سڑک عبور کرنے میں سہولت ملے گی بلکہ عام پیدل چلنے والے شہری بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور حکومت پنجاب کے دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوہاوہ شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے جاری منصوبوں کے ساتھ جی ٹی روڈ پر محفوظ آمدورفت کے مسئلے کو بھی ترجیح دی جائے اور گورنمنٹ ہائی سکول سوہاوہ اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سوہاوہ کے درمیان مناسب مقام پر پیدل چلنے والوں کے لیے فضائی پل تعمیر کیا جائے۔
شہریوں کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے طلباء و طالبات اور دیگر شہریوں کو مصروف شاہراہ عبور کرنے میں درپیش مشکلات کم ہوں گی اور حادثات کے خدشات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ اس اہم عوامی مطالبے پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے عملی اقدامات کریں گی۔


