جہلم: ہیلمٹ اور بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف پولیس کی ضلع بھر میں کارروائیاں جاری، شہر بھر میں پولیس ناکے شہریوں اور تاجروں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات اور انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں جہلم سمیت پنجاب بھر میں ہیلمٹ نہ پہننے اور بغیر لائسنس موٹر سائیکل و گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس، پنجاب پولیس اور پٹرولنگ پولیس کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اندرون شہر مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی گئی ہے۔
شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں جگہ جگہ قائم پولیس ناکے عوام کے لیے شدید اذیت اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ کا سبب بن رہے ہیں۔ چیکنگ کے دوران ضعیف افراد، خواتین اور بچوں کا بھی خاطر خواہ خیال نہیں رکھا جاتا جبکہ شدید سردی میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو سڑک کنارے کھڑا رکھنا انتہائی تکلیف دہ عمل ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں لگنے والے پولیس ناکوں کے باعث بازاروں میں خریداروں کی آمد کم ہو گئی ہے جس سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب پولیس کارروائیوں کو دیکھتے ہوئے ناجائز منافع خوروں نے ہیلمٹس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق دو ہزار روپے کے چالان سے بچنے کے لیے مہنگا ہیلمٹ خریدنا غریب اور مزدور طبقے کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔
شہری حلقوں نے مزید الزام عائد کیا کہ بعض مقامات پر ناکوں پر تعینات اہلکار موٹر سائیکل سواروں کو اچانک بازو سے کھینچ لیتے ہیں، جس سے شہریوں کے سڑک پر گر کر زخمی ہونے یا کسی بڑے حادثے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
پولیس ناکہ بندیوں سے تنگ آئے تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو سے مطالبہ کیا ہے کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، شہری علاقوں میں ناکہ بندی کے طریقہ کار کو انسانی ہمدردی اور سہولت کے مطابق بنایا جائے اور عوام کو غیر ضروری مشکلات سے بچانے کے لیے مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے۔


