سوہاوہ: پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ آتشیں کے زور پر عوامی راستہ بند کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ان کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا، جنہوں نے مبینہ طور پر اسلحہ آتشیں سے مسلح ہو کر ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے سڑک پر مٹی ڈال کر عوامی راستہ بلاک کر دیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کی اس کارروائی کے باعث شہریوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی تھانہ سوہاوہ پولیس موقع پر پہنچی، صورتحال پر قابو پایا اور تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے، عوامی راستوں میں رکاوٹ ڈالنے اور اسلحہ کی نمائش کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ کسی کو بھی عوامی زندگی میں خلل ڈالنے یا قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


