جہلم: پٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے جہاں روز مرہ ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں وہیں پر ٹرانسپورٹرزنے من پسند کرائے بھی نافذ کر رکھے ہیں۔
اندرون شہر سمیت دیگر اضلاع میں چلنے والی گاڑیوں کے مالکان نے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے مسافروں سے وصولی شروع کررکھی ہے ، اسی طرح چھوٹی گاڑیوں جن میں چنگ چی رکشے ، لوڈر رکشے،ویگن والوں نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو جواز بنا کر خود ساختہ کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
ان کرایوں میں اضافے سے روز بروز مسافروں اور ٹرانسپورٹرز میں بحث و مباحثہ اور لڑائی جھگڑے ہونا معمول بن چکے ہیں جس کی بڑی وجہ سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی عدم تعیناتی ہے ۔ کرائے نامے وقت پہ جاری نہ ہونے اور گاڑیوں میں نمایاں جگہوں پر کرائے نامے آویزاں نہ ہونے کیوجہ سے کرایوں میں ازخود اضافہ کر لیا جاتا ہے۔
مسافروں نے چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، کمشنر راولپنڈی ، چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی / ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔


