جہلم میں سسر نے بہو کو ڈنڈوں سے تشدد کر کے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جہلم کے تھانہ چوٹالہ کے علاقے مڑیالہ میں پیش آیا، جہاں گھریلو ناچاقی پر ملزم جاوید اقبال نے مبینہ طور پر اپنی بہو کو ڈنڈوں سے تشدد کر کے قتل کر دیا۔
پولیس نے ملزم جاوید اقبال کو حراست میں لے کر لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کا شوہر محنت مزدوری کی غرض سے منڈی بہاؤالدین میں مقیم تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ اور اس کے سسر کے درمیان علیحدہ مکان کے معاملے پر گزشتہ کئی دنوں سے تنازعہ چل رہا تھا، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولہ کے سر پر ڈنڈے لگنے سے ہلاکت ہوئی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

