جہلم/سوہاوہ: جہلم میں وزیر اعلی کی انسپکشن ٹیم کے اسپتالوں میں اچانک چھاپے، غفلت پر ایم ایس اور ڈی ایم ایس کو معطل کرنے کی سفارش کر دی جبکہ دوران ڈیوٹی سوتے ہوئے اسپتال ملازمین کو موقع سے گرفتار کروا دیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے علی الصبح ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سوہاوہ میں اچانک چھاپے مارے، جہاں ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی سامنے آنے پر فوری کارروائیاں کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ایم ایس ٹی ایچ کیو سوہاوہ ڈاکٹر زین، ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو جہلم ڈاکٹر علی حیدر اور خدمت کاؤنٹر پر تعینات اہلکار ثمر عباس کی غیر حاضری اور غفلت پر معطلی کی سفارش کی گئی ہے جبکہ سی ای او ہیلتھ سے بھی وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چھاپوں کے دوران ٹی ایچ کیو سوہاوہ میں چوکیدار سمیت چار اہلکار ڈیوٹی کے دوران سوتے ہوئے پائے گئے، جنہیں گرفتار کر کے تھانہ سوہاوہ منتقل کر دیا گیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گرفتار افراد میں چوکیدار نعمان احمد، سینٹری سپروائزر محمد عمران ، سینٹری ورکرز شہزاد اور محمد افضل شامل ہیں۔
انسپکشن ٹیم کی جانب سے یہ کارروائیاں صبح تقریباً 3 بجے کی گئیں تاکہ اسپتالوں میں ڈیوٹی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا حقیقی جائزہ لیا جا سکے۔

