پنڈدادنخان کے نواحی علاقے میں پہاڑی تودہ گرنے سے چرواہے کی 100 سے زائد بکریاں دب کر ہلاک ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے علاقے غریب وال سیمنٹ فیکٹری سے ملحقہ گاؤں چنوں والا میں شدید بارش کے باعث پہاڑی تودہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک غریب چرواہے صابر کی 100 سے زائد بکریاں دب کر ہلاک ہو گئیں۔
ابتدائی تخمینے کے مطابق اس حادثے میں چرواہے کو 50 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق چرواہا صابر اپنی بکریوں کے ہمراہ روزمرہ کے معمول کے مطابق چراگاہ میں موجود تھا کہ اچانک شدید بارش کے نتیجے میں پہاڑی تودہ گر پڑا، جس سے بکریاں ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئیں۔ چرواہا اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا تاہم اس کا ذریعہ معاش مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
متاثرہ چرواہے صابر نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت اعلیٰ حکام، مخیر حضرات اور سماجی فلاحی تنظیموں سے مالی امداد کی اپیل کی ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے گزر بسر کا بندوبست کر سکے۔


