سوئٹزر لینڈ: سفیر پاکستان کا چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن کو عشائیہ

برن: سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے اخوت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں ملکی و غیر ملکی افراد نے شرکت کی۔

پاکستان ایمبسی سوئٹزر لینڈ برن میں حال ہی میں تعینات ہونے والی فرسٹ سیکرٹری مس صائمہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر امجد نے اپنی نئی کتاب کی رونمائی بھی کی۔

سفیر پاکستان عامر شوکت نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب کو ان کی نئی کتاب پر مبارکباد دی اور پاکستان کیلئے ان کی خدمات اخوت یونیورسٹی اور فاؤنڈیشن جیسے ادارے قائم کرنے اور اس کو کامیابی سے چلانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اخوت ایک بھائی چارے کا نام ہے جس کا مقصد صرف جذبہ انسانی ہمدردی اور ایثار ہے۔

سفیر پاکستان نے شرکاء کو بھائی چارے، محبت اور ایثار کا پیغام دیا اور کہا آپ تارکین وطن پاکستان کا بہت بڑاسرمایہ ہیں اور حکومت پاکستان آپ کی ہر قسم کی مدد کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اخوت فاؤنڈیشن کے مختلف پروجیکٹ اور یونیورسٹی کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا اور بتایا کیسے اخوت غریب بچوں کو مفت تعلیم اور رہنے کیلئے جگہ فراہم کر رہی ہےاور کس طرح آپ لوگ اخوت کے پروگرام میں ہمارے ساتھ شامل ہوسکتے ہیں۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے سفیر پاکستان عامر شوکت ، ڈاکٹر سعید ، انجم جوڑا کو اخوت کی جانب سے اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔

عمران مزمل نے تقریب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان ایک امید ہے ، ہم سب مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں اور اخوت کے نیک کاموں میں ڈاکٹر امجد ثاقب کا ساتھ دیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button