جہلم پولیس نے قمار بازی کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم، موبائل فونز اور قمار بازی میں استعمال ہونے والے آلات برآمد کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے قمار بازی میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم 4 ہزار 800 روپے، پانچ عدد موبائل فونز اور مختلف آلات قمار بازی برآمد کیے گئے، جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ قمار بازی معاشرتی برائیوں اور جرائم کی جڑ ہے، جس کے خاتمے کے لیے جہلم پولیس کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


