سوہاوہ: بڑاگواہ کے باسیوں اور ثقافتی کھیلوں کے شوقین افراد کا انتظار ختم ہونے کو ہے۔ روایتی جوش و جذبے سے بھرپور تین روزہ جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلہ پوری آب و تاب کے ساتھ 7، 8 اور 9 فروری کو منعقد ہو گا، جس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
یہ میلہ تحصیل سوہاوہ کے تھانہ ڈومیلی کے علاقہ بڑاگواہ میں بوائز ہائی اسکول بڑاگواہ کے کرکٹ گراؤنڈ میں سجایا جائے گا۔ اس ثقافتی میلے کے بانی معروف پہلوان راجہ احسان شیر کیانی (بڑاگواہ، حال مقیم کالا گجراں) جبکہ سرپرستِ اعلیٰ راجہ شیر زمان کیانی (بڑاگواہ، حال مقیم کالا گجراں) ہیں۔
تین روزہ جشن کے دوران پنجاب کی روایتی ثقافت کے دلکش رنگ نمایاں ہوں گے۔ میلے میں بیل اکھاڑہ کے مقابلے، اونٹوں پر وزن اٹھانے کے دلچسپ مظاہرے، کبڈی اور دوڑ کے سنسنی خیز مقابلے، موسیقی کی تھاپ پر گھوڑوں کا رقص اور دیگر روایتی طاقت آزمائی کے مقابلے شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
میلے کے انعقاد کے لیے گراؤنڈ کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ مقامی انتظامیہ اور منتظمین دن رات مصروف ہیں تاکہ دور دراز سے آنے والے شائقینِ ثقافت و کھیل کو ایک محفوظ، منظم اور یادگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جشنِ بڑاگواہ نہ صرف مقامی ثقافت کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ نوجوان نسل کو روایتی کھیلوں اور ثقافتی اقدار سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔


