جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود مہنگائی میں کمی نہ آسکی۔
جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ بر قرار، بازاروں میں خریدار معیار کی شکایات کرتے اور مہنگائی کا رونا روتے دکھائی دیتے ہیں۔
اس حوالے سے دکانداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اشیاء کے معیار کے مطابق نرخ مقرر نہیں کرتی ، ڈپٹی کمشنرغیر معیاری اشیاء کے نرخ مقرر کر کے معیاری اشیاء کے نرخوں پر اشیاء فروخت کرنے پر مجبور کر تے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی اور قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
پیٹرولیم نرخوں کے اثرات عوام تک نہیں پہنچ پائے اور مہنگائی جوں کی توں ہے اور عوام اب بھی اشیاء خورد ونوش مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔