جہلم: ضلع جہلم کے تمام اساتذہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں، ضلع جہلم میں تاریخی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا جس ملازمین سمیت سول سوسائٹی، وکلاء برادری والدین نے بھی ملازمین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ان خیالات کا اظہار چوہدری راشد محمود ضلعی صدر پنجاب ٹیچرز یونین جہلم نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے جاتےہم مکمل بائیکاٹ جاری رکھیں گے، کسی قسم کی ایکٹیوٹی بالکل نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ قائدین کو ہائی کورٹ کی طرف سے رہائی کے آڈرز جاری ہونے کے باوجود دوبارہ نظر بند کرنے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
چوہدری راشد محمود نے مزید کہا کہ نگران حکومت کا کام الیکشن کرانا ہے جس کا دورانیہ تین ماہ ہوتاہے اور ان کو سال ہونے والا ہے اور اب یہ ویسے ہی غیر قانونی ہے، اس کا کام نگرانی کرنا ہے ناکہ قانون سازی کرنا اس لیے نگران حکومت ہوش کے ناخن لے۔


