جہلم: پنجاب حکومت کےسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز (SIPS) کے تحت ضلع جہلم کے پولیس تھانوں کی تزئین و آرائش نے دفاتر، ویٹنگ رومز، راہداریوں اور یہاں تک کہ کام کے ماحول کو بھی مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔
ان تزئین شدہ تھانوں میں تعلیم یافتہ اور کمپیوٹر سے واقف اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
موقر انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفاتر، ویٹنگ رومز، راہداریوں اور حتیٰ کہ واش رومز کو بھی معیاری ٹائل ورک، دیواروں پر خوبصورت پینٹنگز، گلدانوں کی قطار، معیاری صوفے اور فرنیچر، دفاتر اور فرنٹ ڈیسک پر کمپیوٹر آلات اور بائیومیٹرک انٹری و ایگزٹ سسٹم سے مزین کیا گیا ہے۔ شائستہ اہلکاروں کا پر سکون اور خوشگوار رویہ ایک خوش آئند اور ناقابل یقین کام کے ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔
پولیس تھانہ سول لائنز جہلم کے ایس ایچ او عمران حسین نے کہا کہ تھانوں کی بہتر دیکھ بھال، ماسٹر ڈگری ہولڈرز اور لاء گریجویٹس کی بطور ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران تعیناتی، کمپیوٹر کے ماہر ماتحت اہلکاروں کی موجودگی ، ضلعی پولیس افسر کی باقاعدہ نگرانی اور کھلی کچہریوں کے انعقاد نے پولیس کے کام کرنے کے انداز کو بدل دیا ہے۔
سٹی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او قمر سلطان نے سیاسی یا ادارہ جاتی مداخلت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ تفتیش کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، میرٹ پر ہونے والی تفتیش سے عوام مطمئن ہیں اور پولیس اہلکاروں کو بھی حوصلہ مل رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز (SIPS) کے نتائج سامنے آ رہے ہیں اور روایتی پولیس کلچر سے چھٹکارا مل رہا ہے۔ ان کے دائرہ اختیار میں سات تھانوں کی مکمل تزئین و آرائش مکمل ہو چکی ہے جبکہ پانچ دیگر تھانوں میں جزوی تزئین و آرائش کی گئی ہے اور مزید کام جاری ہے۔
انہوں نے پولیس ورکنگ اور انفراسٹرکچر میں اس تبدیلی کا سہرا انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے سر باندھا۔
ڈی پی او نے کہا کہ عوام کا اعتماد جیتنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر پولیس اسٹیشن میں ہفتے میں دو بار کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل، پولیس کارکردگی اور جرائم کی روک تھام کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل ہوتی ہیں، جس سے اعلیٰ حکام بھی مطمئن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے، اندھے مقدمات کی تحقیقات اور غیر قانونی اسلحہ و منشیات کی برآمدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈی پی او ناصر محمود باجوہ نے تھانوں کی خوبصورتی کے حوالے سے کہا کہ یہ اقدام پولیس کی مثبت اور نرم تصویر پیش کرنے میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔


