ریاض: سعودی عرب میں پاکستانی ٹرک ڈرائیور کی لاپرواہی کے باعث عمرہ زائرین سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے میں عمرہ کے لیے جانے والے غیرملکی ڈاکٹر اور اس کے خاندان کے 4 افراد بھی موت کے منہ میں چلے گئے۔
العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی ٹرک ڈرائیور کی غفلت کے باعث ہونے والے حادثے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 13 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ایک ماہر انکولوجسٹ ڈاکٹرجاعم محمد صالح الشبحی الیافعی، 21 سالہ أروى، 12 سالہ فضل، 8 سالہ احمد، 5 سالہ بچہ بھی شامل ہیں جبکہ 15 سالہ دعا اور 10 سالہ عائشہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹر جاعم کی اہلیہ اس حادثے میں محفوظ رہیں۔
بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے کنگ فہد میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق اپنے ساتھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، ان میں سے ایک ڈاکٹر مشب علی العسیری نے بتایا کہ ڈاکٹر جاعم عمرہ کی سعادت کے لیے جارہے تھے، اس دوران ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں ان کی کار سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا کر سڑک پرالٹ جانے کے نتیجے میں انتقال کرگئے، مجموعی طور پر اس حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر جاعم بہت خوش تھے کیوں کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عمرہ کے لیے جا رہے تھے لیکن جب وہ المزاحمیہ پہنچے تو ایک پاکستانی ڈرائیور عوامی سڑک پر مخالف سمت سے ٹرک چلاتا ہوا آرہا تھا جس کا ٹرک 2 کاروں سے ٹکرا گیا جس میں ڈاکٹر جاعم کی کار بھی شامل تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر جاعم الشبحی بہترین کولیگ تھے، وہ ایک صاحب علم، خوش اخلاق، بیماروں کے ہمدرد اور نماز روزے کے پابند انسان تھے، ڈاکٹر الیافعی کنگ فہد میڈیکل سٹی ریاض میں کینسر کنسلٹنٹ کے طور پر کام کررہے تھے، ان کا شمار یمن کے ممتاز ترین ڈاکٹروں میں ہوتا تھا، جو کینسر کے مریضوں کو ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے رضاکارانہ مشورے بھی دیتے تھے۔


