جہلم شہر میں نادیدہ قوتوں کی ایما پر سڑکوں پر کھڑی ریڑھیوں اور غیر قانونی اسٹینڈز کو ہٹانے میں پیرا فورس ناکام ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف بازاروں، چوکوں، چوراہوں اور گلی محلوں میں ریڑھی بانوں اور غیر قانونی ویگن اسٹینڈز کی موجودگی برقرار ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کے مطابق پیرا فورس کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑکوں پر دوڑتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم تجاوزات مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ ان غیر قانونی تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے اور عوام کو روزمرہ کے معمولات میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے بازاروں، چوکوں، گلی محلوں میں غیر قانونی ریڑھیوں، چنگ چی رکشوں اور ویگن اسٹینڈز کے خاتمے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہر میں منظم، صاف ستھرا اور شہریوں دوست ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
شہریوں نے زور دے کر کہا کہ تجاوزات مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کی صورت میں نہ صرف شہری مشکلات میں مبتلا ہیں بلکہ شہر کی سڑکیں اور بازار بھی بدانتظامی کا شکار ہیں، اس لیے ذمہ دار اداروں کو فوری طور پر فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔


