پنڈدادنخان میں دو مختلف حادثات میں 18 سالہ نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے.
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے علاقے ٹوبھہ للَہ روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ایک شخص کار کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص مختار احمد ولد بھٹی خان ساکن گاؤں ٹوبہ تھا، جس کی عمر تقریباً 47 سال تھی۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب مختار احمد اپنے کندھوں پر سامان اٹھائے سڑک پار کر رہا تھا کہ تیز رفتار کار کی زد میں آ گیا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ پنڈ دادنخان للہ انٹرچینج ڈیول کیرج وے پر پیش آیا، جو اس شاہراہ پر حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کا ایک اور ثبوت ہے۔
اسی روز پنڈ دادنخان کے ہی علاقے کوٹلی پیراں میں ایک اور المناک حادثہ پیش آیا، جہاں 18 سالہ نوجوان تقی ولد ریاض حسین ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
دونوں حادثات کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ للہ انٹرچینج روڈ اور دیگر مصروف راستوں پر رفتار کی حد مقرر کرنے، اسپیڈ بریکرز اور انتباہی بورڈز نصب کرنے جیسے اقدامات فوری طور پر کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔


