جہلم پولیس نے سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے رائفل کلاشنکوف برآمد کر لی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ سرمد ملک اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے رائفل کلاشنکوف برآمد ہوئی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ چوٹالہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ ناجائز اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش یا تشہیر کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


