لندن: برطانیہ کے لاکھوں کم آمدنی والے لوگوں کو 300 پونڈ اخراجات زندگی الائونس کی ادائیگی شروع کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے تمام ادائیگیاں براہ راست متعلقہ فرد کے بینک اکائونٹس میں کی جائیں گی۔ لوگوں کو فراڈیوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی گئی ہے جو اس موقع پر متحرک ہوکر یہ رقم ہتھیانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
یہ اخراجات زندگی الائونس کی دوسری قسط ہے، اس سے قبل لوگوں کو300 پونڈ کی ادائیگی کی جاچکی ہے جب کہ900پونڈ ادائیگی کی تیسری قسط بعد میں ادا کی جائے گی۔
ارکان پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ اس ادائیگی سے ضرورت مندوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے یا نہیں، اس کی ادائیگی کے علاوہ بعض لوگ انرجی کے بھاری بلز کی ادائیگی کیلئے بھی رقم وصول کررہے ہیں۔
انرجی کی ادائیگی کیلئے پہلی بار ادائیگی موسم بہار میں کی گئی تھی، جس کے بعد اب19نومبر سے اس کی دوسری قسط ادا کی جائے گی اور2024ء کے موسم بہار میں تیسری اور آخری قسط ادا کی جائے گی۔
اس کے علاوہ موسم سرما میں پنشنرز کو300پونڈ اور معذوروں کو150پونڈ ادا کیے جارہے ہیں جن لوگوں کو یونیورسل کریڈٹ، انکم کی بنیاد پر ملازمت کے متلاشی لوگوں کا الائونس انکم سے متعلق ملازمت اور سپورٹ الائونس، انکم سپورٹ، ورکنگ ٹیکس کریڈٹ، چائلڈ ٹیکس کریڈٹ اور پنشن کریڈٹ حاصل کرتے ہیں، وہ 900پونڈ کی وصولی کے حق دار ہیں۔
صرف ٹیکس کریڈٹ یا چائلڈ کریڈٹ لینے والے1 اعشاریہ 1 ملین لوگوں کو رقم کی ادائیگی کچھ تاخیر سے کی جائے گی۔
نیو اسٹائل اپلائمنٹ اور سپورٹ الائونس، کنٹری بیوٹری الائونس اور سپورٹ الائونس یا نئے اسٹائل کے جاب سیکرز الائونس حاصل کرنے والے وہ لوگ جو یونیورسل کریڈٹ نہیں لے رہے، اس اعلان کے مستحق نہیں ہوں گے جو لوگ یہ سجھتے ہیں کہ وہ اس الائونس کے حق ہیں لیکن انہیں الائونس نہیں دیا جارہا ہے وہ ان کو بینی فٹس یا ٹیکس کریڈٹ دینے والے دفتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔