ڈنڈی: فرینڈز آف وہاڑی اوورسیز کے چیئرمین فخر اقبال چوہدری نے پاکستان سے آئے وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں خالد حسین کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ ’’گھڑکا ہاؤس‘‘ ڈنڈی میں عشائیہ کا اہتمام کیا ۔
اس موقع پر فرینڈز آف وہاڑی ایڈنبرا کے صدر چوہدری طاہر فاروق ،چوہدری نثار ، چوہدری شفیق ، ڈنڈی کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت میاں اسد خالد اور یونیورسٹی آف ڈنڈی کے نوجوان رہنما حمزہ فخر چوہدری بھی موجود تھے جنہوں نے مہمانوں کا استقبال کیا اور ڈنڈی آمد پر انہیں خوش آمدید کہا۔
یاد رہے کہ ان دنوں یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دعوت پر وہاڑی ، ساہیوال ، اٹک اور رحیم یار خان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدے داران برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ پاکستان کے مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ان عہدے داران نے مانچسٹر میں منعقدہ پہلی پاک، برطانیہ مشترکہ چیمبرز کانفرنس میں شرکت کی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرینڈز آف وہاڑی اوورسیز کے چیئرمین فخر اقبال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ اور گہرے معاشی اور تجارتی تعلقات ہیں، اس طرح کے وفود کے تبادلے سے ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی ۔
وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر میاں خالد حسین نے شاندار مہمان نوازی پر میزبانوں کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ تجارتی اور کاروباری وفود کے تبادلےسے پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور باہمی تجارت کے نئے امکانات تلاش کرنے میں مدد ملے گی ۔
فرینڈز آف وہاڑی ایڈنبرا کے صدر چوہدری طاہر فاروق نے کہا کہ پاکستان کے مختلف چیمبرز کا برطانیہ کا دورہ خوش آئند ہے،انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کی برآمدات کی ایک بڑی منڈی ہے اور ان وفود کی آمد سے باہمی تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔
چوہدری شفیق نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک، برطانیہ دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے ، زراعت اور ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر شعبوں جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی وغیرہ میں بھی پاکستان کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اس طرح کے وفود کے تبادلے سے پاکستان کے کاروباری افراد اور صنعت کاروں کو برطانیہ کی مارکیٹ تک رسائی میں مدد مل سکتی ہے۔
یونیورسٹی آف ڈنڈی کے طالب علم رہنما حمزہ فخر چوہدری نے کہا کہ اس دورے سے برطانیہ میں بسنے والے پاکستان نژاد نوجوانوں کو پاکستان کی مصنوعات اور کلچر سے آگاہی ہوئی ہے ۔ پاکستان میں کاروبار اور سیروسیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے نوجوانوں کو فائدہ اٹھانا چاہئے ۔
ڈنڈی اسکاٹ لینڈ کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت میاں اسد خالد نے اس دورے کو خوش آئند قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، پاکستان کے مختلف چیمبرز کے ساتھ مل کر پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تجارتی ، معاشی اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کام کرتا رہے گا۔