ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر نے بھارتی پنجاب کے کھیتوں میں آگ لگانے کے واقعات میں اچانک اضافے کو اسموگ کی وجہ قرار دے دیا.
ماہرین ماحولیات کے مطابق شمالی ہندوستان اور پاکستانی پنجاب میں ہوا کا معیار انتہائی خطرناک ہوگیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ناسا کی رپورٹ اور تصویریں بھارت کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
پنجاب میں اسموگ میں بے انتہا اضافے کی وجہ سامنے آگئی ہے، ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر نے پاکستانی پنجاب اور بھارتی پنجاب میں اسموگ کی وجہ کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
ناسا سیٹلائٹ کی تصاویر میں بھارتی پنجاب کے کھیتوں میں آگ لگانے کے واقعات میں اچانک اضافے کو اسموگ وجہ قرار دیا گیا ہے۔
NASA satellite images confirm Stubble burning incidents increased by 740% in one day in AAP ruled Punjab.#DelhiPollution pic.twitter.com/tK5L0tPMOS
— Megh Updates 🚨™ (@MeghUpdates) October 31, 2023
ناسا کے مطابق بھارت میں فصلوں کو آگ لگانے کے واقعات میں بے انتہا اضافہ ہوا، بھارتی کھیتوں میں آگ کے واقعات میں740 فیصد اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے پاکستانی پنجاب میں اسموگ میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب سیٹلائٹ پر جاری تصاویر نے بھارتی آلودگی کا بھی بھانڈا پھوٹ دیا ہے۔ ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ شمالی ہندوستان اور پاکستانی پنجاب میں ہوا کا معیار انتہائی خطرناک ہوگیا ہے، اسموگ سے صحت پر انتہائی برے اثرات مرتب ہونے سے ہماری عمریں کم ہو رہی ہیں۔
ناسا کی رپورٹ اور تصویریں بھارت کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناسا کی رپورٹ کیمطابق انڈین پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے میں خطرناک حدتک اضافہ ہو چکا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صرف ایک ہی دن میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں 740 فیصد اضافہ ہوا، ناسا کی رپورٹ اور تصویریں بھارت کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
دوسری جانب محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے بھی ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ خصوصا اسموگ سے نمٹنے کیلئے اشتراک پر تبادلہ خیال ہوا۔
نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک میں فصلوں کی باقیات جلانے سے لاہور اور دیگر شہروں میں اسموگ میں بہت اضافہ ہوا ہے، اسموگ سے نمٹنے کیلئے دوست ممالک کی تکنیکی معاونت چاہتے ہیں۔