پنڈدادنخان شہر مسلسل تنزلی کی جانب گامزن ہے جہاں سیوریج نظام، گلیاں، نالیاں اور سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔
جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ہر نیا دن شہریوں کے لیے پچھلے دن سے زیادہ مسائل اور پسماندگی لے کر آتا ہے۔ معاشی، معاشرتی اور انتظامی لحاظ سے صورتحال دن بدن بدتر ہوتی جا رہی ہے۔
انتظامی امور اس حد تک کمزور ہو چکے ہیں کہ سرکاری کارکردگی تقریباً ناپید ہو چکی ہے۔ عوامی شکایات اور مسائل کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے اب یہ سب کچھ ایک معمول کا حصہ بن چکا ہے۔
شہری، سوشل ورکرز، مذہبی و سیاسی شخصیات، تاجران اور مقامی تنظیمیں اگر ان مسائل پر متحد ہو کر مؤثر انداز میں آواز بلند نہ کریں تو شہر کی تباہی اور بربادی مقدر بن کر رہ جائے گی۔
شہر کے سنجیدہ حلقے مطالبہ کرتے ہیں کہ انتظامیہ ہوش کے ناخن لے، ترقیاتی کاموں پر توجہ دی جائے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پنڈدادنخان کو دوبارہ ایک خوشحال اور ترقی یافتہ شہر بنایا جا سکے۔


