جہلم شہر سمیت ملحقہ آبادیوں کے سیوریج نالوں پر بااثر دکانداروں نے پختہ تھڑے تعمیر کر لئے ،نکاسی آب کا نظام تباہ ہو کر رہ گیا ، نالوں کی بندش کی وجہ سے گندا پانی نالوں سے باہر ابلنے لگا. گلی محلوں ، بازاروں ، سڑکوں پر شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہو کر رہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ آبادیوں کے نالوں پر بااثر دکانداروں نے پختہ تعمیرات کرکے اپنی دکانیں نالوں پر سجا رکھی ہیں جس سے نالوں کی بندش کی وجہ سے سیوریج کا گندا پانی شہریوں کے گھروں، سڑکوں، بازاروں میں کھڑا ہو جاتا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ شہر کے بازاروں اور مضافاتی علاقوں میں نالوں و نالیوں پر بااثر افراد کی جانب سے پختہ تعمیرات و غیر قانونی تھڑوں کو مسمار کر کے نکاسی آب کے نظام کو درست کیا جائے تا کہ علاقہ مکینوں کی پریشانی کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور سیوریج بندش سے پیدا ہونیوالے مسائل سے نجات حاصل ہو سکے۔


