پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں اتھر کے مکین آج بھی ناقص موبائل سروس کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں اور جدید دور میں بنیادی ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات سے محروم دکھائی دیتے ہیں۔
اتھر گاؤں میں ایک نجی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کا ٹاور نصب ہونے کے باوجود سروس میں خاطر خواہ بہتری نہ آ سکی۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ موبائل سگنلز کی شدید کمی اور بار بار کال ڈراپ ہونے کی وجہ سے روزمرہ امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق طلبہ کو آن لائن تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کاروباری افراد کو رابطوں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں بروقت رابطہ نہ ہو پانا بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام اور کمپنی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گاؤں اتھر میں موبائل سروس کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے اور جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


