سوہاوہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک بھر کی طرح تحصیل سوہاوہ میں بھی ممبر سازی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں سوہاوہ میں خصوصی ممبرشپ کیمپ قائم کیا گیا، جہاں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اظہر اقبال حسن نے خصوصی شرکت کی۔
اظہر اقبال حسن کی آمد پر کارکنوں اور جے آئی یوتھ کے نوجوانوں نے پرتپاک استقبال کیا اور نعرے بازی کی۔
اس موقع پر امیر ضلع ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، سید ضیاء اللہ بخاری، عبدالباسط، محمد آصف بٹ، سعید اسلم، راجہ قیوم، نعیم اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اظہر اقبال حسن نے اپنے ہاتھوں سے تین نوجوانوں کے ممبرشپ فارم پُر کر کے ممبر سازی مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ملک کو لوٹ رہی ہیں جبکہ غریب عوام ایک وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کے ذریعے کرپشن کے دروازے کھولے جا رہے ہیں اور حکمران عوام کے بجائے آئی ایم ایف کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔
مرکزی رہنما جماعت اسلامی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کا حصہ بنیں تاکہ ملک کو کرپٹ نظام سے نجات دلا کر عوامی مسائل حل کیے جا سکیں۔


