دینہ کے نواحی علاقہ ڈھوک کھوکھر کی معروف سیاسی شخصیت راجہ محمد اظہر کے چچا راجہ محمد آصف اقبال نے اپنے مرحوم والد حاجی محمد لہراسب کے ایصال ثواب کے لیے جامع مسجد تاجدار مدینہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کروا دیا۔
گزشتہ روز نصب کیے گئے اس واٹر فلٹریشن پلانٹ کا مقصد اہلِ علاقہ کو صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس فلاحی اقدام کو علاقے میں سراہا گیا اور شہریوں نے اسے مرحوم کے لیے صدقہ جاریہ قرار دیتے ہوئے دعاؤں سے نوازا۔
اہلِ علاقہ نے راجہ محمد آصف اقبال اور راجہ محمد اظہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی ایک عظیم نیکی ہے، جس سے مسجد میں آنے والے نمازیوں اور مقامی آبادی دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔
شرکاء نے مرحوم حاجی محمد لہراسب کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔


