پنڈدادنخان: جہلم پولیس کی شاندار تفتیش اور موثر پیروی کے نتیجے میں عدالت نے قتل کے مقدمہ نمبر 96/09 بجرم 302/324/109 تعزیراتِ پاکستان تھانہ للِہ کا فیصلہ سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق مجرم منیر احمد نے سال 2009 میں جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں محمد معاویہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ اس اندوہناک واقعے کے بعد جہلم پولیس نے مجرم کو نہ صرف ٹریس کیا بلکہ اسے گرفتار کرکے ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان پیش کیا۔
پولیس کی انوسٹی گیشن ٹیم نے مقدمے کی موثر پیروی کی، جس کے نتیجے میں معزز عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔ عدالت نے مجرم منیر احمد کو قتل کے جرم میں دو بار سزائے موت اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا۔
اس فیصلے کو انصاف کی فتح قرار دیتے ہوئے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو سزائیں ملنا قانون اور انصاف کی جیت ہے۔
ڈی پی او جہلم نے انوسٹی گیشن ٹیم اور لیگل ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ان کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے اور اس مقدمے کا فیصلہ اس بات کا مظہر ہے کہ جہلم پولیس اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے۔


