جہلم: پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن جہلم کے نومنتخب ضلعی و تحصیل کے عہدیداران نے اپنی ذمہ داریوں کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ ایم سی اسلامیہ ہائر سیکنڈری اسکول جہلم میں ایک شاندار اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف ماہرِ تعلیم اور پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالرزاق خان نیازی تھے۔ تقریب میں نومنتخب ضلعی اور تحصیل عہدیداران کے علاوہ مرد و خواتین اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر رانا محمد اشفاق حیدر نے پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ نومنتخب ضلعی قیادت میں محمد احسان الٰہی شاکر صدر، انزک محمود بھٹی چیئرمین، چودھری شبیر حسین چیف آرگنائزر، محمد رفیع راجپوت سینیئر نائب صدر، سید وقار اکبر کاظمی نائب صدر (مردانہ)، بشریٰ مختار نائب صدر (زنانہ)، مبشر عباس شاہد جنرل سیکرٹری، ملک سعید اختر جوائنٹ سیکرٹری، شاہد سکندر مرزا سیکرٹری، راجہ جواد حسین فنانس سیکرٹری، اویس خورشید بٹ ڈپٹی میڈیا سیکرٹری اور محمد وسیم ڈپٹی فنانس سیکرٹری شامل ہیں۔
تحصیل سطح پر معظم علی کیانی، محمد ذکریا، محمد وسیم، طاہرہ مشتاق اور آمنہ بی بی کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ ڈاکٹر عبدالرزاق خان نیازی نے تمام نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالرزاق خان نیازی نے پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کی تاریخ، مقاصد، دستور العمل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اساتذہ کے مقام و مرتبے اور ان کی قومی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی اور اساتذہ کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر متحرک رہنے کی تلقین کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کی تواضع پُرتکلف ظہرانے سے کی گئی۔


