جہلم: موسم شدید سرد ہوتے ہی لنڈا بازاروں میں خریداروں کارش بڑھ گیا، لنڈا بازاروں میں بھی پرانے کپڑوں اور جوتوں کے نرخ آسمانوں کو چھونے لگے ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں موسم کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں شہراور مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سردی سے بچاؤ کی شاپنگ کیلئے لنڈا بازار پہنچ گئے مگر بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں نے خریداروں کے اوسان خطا کر دیے۔
200 والی لوکل شرٹ 600 سے 800 روپے میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ 500 والا پرانے جوتوں کا جوڑا اب 1000 روپے میں بھی نہیں مل رہا۔
بڑھتی مہنگائی سے پریشان خریداروں نے حکومت سے مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب لنڈا بازار کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں پیچھے سے مال مہنگا مل رہا ہے، لوگوں کو جوتے اور کپڑے مہنگے نہ فروخت کریں تو ہمارے اخراجات پورے نہیں ہوتے جب تک ڈالر کی قمیتوں کو کنٹرول نہیں کیاجائے گااسوقت تک قیمتوں میں کمی نہیں ہوسکے گی ۔


