جہلم: عید الفطر کی آمد آمد؛ ملبوسات، آرٹیفیشل جیولری، میک اپ، جوتوں، مہندی، چوڑیوں کی دکانوں پر خریداری بڑھنے لگی۔ دکانداروں نے قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کر دیا، خریدار خواتین کے لئے خریداری مشکل ہو گئی۔ بازاروں، شا پنگ پلازوں میں رات گئے تک خریداروں کا رش بڑھنے لگا ، دوسری طرف دکانداروں نے قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کا آغاز ہوتے ہی اور عید الفطر قریب آتے ہی مرد، خواتین اور بچوں نے عید کی خریداری کیلئے مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ پلازوں کا رخ کر لیا ہے، جہاں سے وہ عید کیلئے نئے کپڑے، جوتے اور دیگر آرائشی سامان خرید تے دکھائی دیتے ہیں ۔
خواتین زیادہ تر سلے سلائے کپڑے خریدنے میں دلچسپی لیتی دکھائی دیتی ہیں ۔ خواتین مختلف سائز کے برانڈز کی دکانوں سے کڑہائی والے رنگ برنگے کپڑے خریدتی دکھائی دیتی ہیں ، اس کے علاوہ مصنوعی جیولری، چوڑیوں، میک اپ اور مہندی کی دکانوں پر بھی خواتین کارش نظر آتا ہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دکانداروں نے دکانوں میں موجود پچھلے سالوں کا سٹاک دکانوں میں نمایا ں جگہ پر سجا رکھا ہے ، اور من مرضی کے نرخ مقرر کرکے فروخت شروع کررکھی ہے ، جس کے باعث عام آدمی کیلئے مہنگائی کے اس پرفتن دور میں عید کی خریداری کرنا مشکل ترین ہو چکی ہے ۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ غریب امیر قومی تہوار کے موقع پر خوشیاں منا سکیں۔


