سوہاوہ: وفاقی درالخلافہ کی بغل میں جنگل کا قانون، محکمہ صحت نے علاقہ مکینوں سے بنیادی سہولیات چھین لیں۔
جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقہ پڑی درویزہ کے رہائشیوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں محکمہ صحت کی ضلعی انتظامیہ نے تحصیل سوہاوہ کے علاقہ پٹری درویزاں میں پچھلی کئی دہائیوں سے قائم ڈسپنسری میں ڈاکٹر اور ادویات کی سہولیات تعطل کا شکار ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پٹری درویزاں کا علاقہ جو کہ ضلع چکوال اور ضلع جہلم کے سنگم پر واقع ہے ۔ پچھلی کئی دہائیوں سے پٹری درویزاں میں ڈسپنسر اور دیگر عملے کی سہولت موجود تھی ، اب محکمہ صحت کے ارباب اختیار نے ہفتے میں 3 دن ڈسپنسری کھولنے کے احکامات جاری کررکھے ہیں جس کیوجہ سے مکینوں کوسوہاوہ ، پھلڑے سیداں یا ملہال مغلاںمیں علاج معالجے کے لئے جانا پڑتا ہے ، بروقت طبی امداد نہ ملنے کیوجہ سے اکثر اوقات مریض موت کی وادی میں چلے جاتے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈسپنسری میں عملے کی عدم موجودگی کے ساتھ ساتھ ادویات اوردیگر سہولت کی عدم دستیابی کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
علاقہ کی عوامی و سماجی فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ، چیف ایگزیکٹو آفیسرضلع جہلم ، ڈپٹی کمشنر سے پٹری درویزاں ڈسپنسری کو 24/7 کرنے کا مطالبہ کیاہے تاکہ پٹری درویزاں سمیت ملحقہ علاقوں کے لوگ صحت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں ۔