جہلم شہر میں آنکھوں کے امراض کے علاج کے لیے جدید طبی سہولیات فراہم کرنے والا رضیہ فاؤنڈیشن آئی اسپتال عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ اسپتال میں جدید لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے صرف چند منٹوں میں عینک سے نجات کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے لیے نہ ٹیکے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی ٹانکوں کی۔
اس حوالے سے رضیہ فاؤنڈیشن آئی اسپتال کے چیف ایگزیکٹو ندیم الحسنین نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جہلم سمیت چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، میرپور آزاد کشمیر اور دیگر قریبی علاقوں کے مریض بھی اس جدید سہولت سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے کے قیام کو پندرہ سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران جدید لیزر آپریشنز کے ذریعے ہزاروں افراد کی بینائی بہتر بنائی جا چکی ہے، جبکہ روزانہ درجنوں مریض اسپتال کی او پی ڈی سروسز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ندیم الحسنین نے کہا کہ اسپتال میں جدید ترین لیزر سسٹم کے ذریعے آنکھوں کا علاج کیا جاتا ہے، جس میں مریض کو نہ انجکشن لگایا جاتا ہے اور نہ ہی سرجری کے بعد ٹانکوں کی ضرورت پیش آتی ہے۔ علاج کا عمل انتہائی مختصر وقت میں مکمل ہو جاتا ہے اور مریض چند ہی منٹوں میں عینک سے نجات حاصل کرکے معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جدید طبی سہولیات کی بدولت اب شوگر کے مریضوں کے لیے بھی آنکھوں کے آپریشن محفوظ اور مؤثر انداز میں کیے جا رہے ہیں۔ ماضی کے برعکس اب مریضوں کو کئی دن تک اسپتال میں داخل رکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ علاج کے بعد وہ مختصر وقت میں گھر جا سکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو ندیم الحسنین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنکھوں کے امراض کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت تشخیص و علاج کے لیے مستند طبی اداروں سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت آنکھوں کے متعدد مسائل کا محفوظ اور مؤثر علاج ممکن ہو چکا ہے، جس سے مریض اپنی بینائی کو بہتر اور محفوظ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رضیہ فاؤنڈیشن آئی اسپتال مستقبل میں بھی جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو معیاری علاج مہیا کرنے کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔


