جہلم: ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کامران کاظمی نے کہا کہ بہار کی شجرکاری مہم کے دوران ضلع بھر میں پودے لگائے جائیں گے، گزشتہ سال سے اب تک مختلف مقامات پر لاکھوں کی تعداد میں پودے لگا ئے جا چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، کامران کاظمی نے کہا کہ بیشتر علاقوں میں کھلی سڑکوں اور راستوں کے دونوں اطراف پودے لگائے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے لئے سکولوں ، کالجز اور سرکاری محکموں میں شجر کاری مہم کے حوالے سے سیمینار منعقد کئے جائیں گے اور بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں گے جبکہ سڑکوں کے اطراف خالی جگہوں پر بھی پھولدار، پھلدار، سایہ دار پودے لگائے جائیں گے تاکہ ماحول کو آلودگی سے بچایا جاسکے ۔
کامران کاظمی نے کہا کہ شجرکاری مہم کے دوران اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ ایک پودے کے درمیان کم از کم4 فٹ کا فاصلہ ہو تاکہ بہتر انداز میں پودے پروان چڑھ سکیں ، انہوں نے کہا کہ درخت ماحول دوست ہوتے ہیں جو پرندوں کا بھی مسکن ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ماحول سے پرندوں ،تتلیوں اور شہد کی مکھیوں کے کم ہونے کی اصل وجہ ماحول دوست پودے نہ لگانا ہیں جو موسم اور ہمارے پرندوں ، تتلیوں سے مطابقت رکھتے ہیں جن کو محفوظ رکھنے اور حفاظت کے لئے توجہ محنت اور وقت کی ضرورت ہے ، ہم نے پھولدار، پھلدار ،سایہ دار پودے منگوانے کے لئے دوسرے اضلاع میں رابطے کرنے شروع کررکھے ہیں تاکہ موسم بہار میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جا سکیں۔
انہوںنے کہا کہ شہر کی سماجی ، رفاحی ، فلاحی کارروباری تنظیمیں بھی اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں جو کہ لائق تحسین ہیں ۔


