دینہ: منگلا پولیس کی مؤثر کارروائی، قماربازی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر کے رقم، موبائل فونز اور آلاتِ قمار بازی برآمد کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے قماربازی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم کی قیادت میں کی گئی، جس میں قمار بازی میں ملوث محمد تنویر، محمد توقیر، نعیم اختر اور گل نواز خان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان تاش کے پتوں پر جواء کھیل رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے داؤ پر لگی رقم 19 ہزار 630 روپے، دو عدد قیمتی موبائل فونز جن کی مالیت تقریباً 90 ہزار روپے بتائی گئی ہے، اور دیگر آلاتِ قمار بازی برآمد کر لیے گئے۔
پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ قماربازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قماربازی نہ صرف ایک غیر قانونی عمل ہے بلکہ یہ معاشرتی برائیوں اور دیگر جرائم کی جڑ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اس ناسور کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام کو بھی چاہیے کہ اس حوالے سے پولیس سے تعاون کریں۔


