دینہ: تھانہ دینہ پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے چوری کے مقدمے میں ملوث دو اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے کامیاب حکمت عملی کے تحت اشتہاری مجرمان کامران اور انور کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں مجرمان سال 2023 سے چوری کے مقدمے میں مطلوب تھے اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گئے تھے۔ تاہم تھانہ دینہ پولیس نے مسلسل محنت اور جدید طریقہ تفتیش کے ذریعے ان کا سراغ لگایا اور گرفتار کر لیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کامیاب کارروائی پر تھانہ دینہ پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔


